
اسلام ٓباد: تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے معاملے پر آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھا جائے گا۔ جس میں کہا جائےگا کہ جتنے حلقوں میں دھاندلی ہوئی وہاں آڈٹ کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس آڈٹ میں عدالتی عمل دخل بھی ہو، اگر آڈٹ نہیں ہوتا تو آئی ایم ایف سے قرض کا اقدام ملک کیلئے نقصاندہ ہوگا۔ بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خط آئی ایم ایف کو جاری کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف، یورپی یونین اور دیگر آرگنائزیشن کا اپنا ایک چارٹر ہے، ان کا چارٹر کہتا ہے ملک میں اسی وقت وہ کام کی اجازت، لون دیں گے جب گڈ گورننس ہو، گڈ گورننس کی اہم شق یہ ہے کہ ملک میں جمہوریت ہو، جس ملک میں جمہوریت نہیں وہاں بین الاقوامی ادارے کام کرنا ناپسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا سب سے بڑا ستون فری اینڈ فیئر الیکشن ہیں، پوری دنیا نے دیکھا لوگوں کا مینڈیٹ رات کے اندھیرے میں چوری ہوا، پری پول رگینگ کو چھوڑیں، پوسٹ پول ریگننگ رات کو ہوئی، ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو ہرایا گیا، بری طرح ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا، چوری کے مینڈیٹ میں جمہوریت نہیں چل سکتی، اگر الیکشن فری اینڈ فیئر نہیں ہوئے تو کوئی بھی ادارہ لون نہیں دے سکتا، جو قرضہ دیا جائے گا عوام پر اور بوجھ بڑھے گا۔


































