
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بیرونی وابستگی کے بغیر بھی ترقی کرسکتا ہے۔ عید غدیر خم کے موقع پر عوام کے مختلف طبقات سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ عید غدیر ساری دنیا کے مسلمانوں کی عید ہے۔ اسے عالم اسلام کو مل کر منانا چاہئے۔ اس دن اسلام کی سیاسی حکمرانی کے تسلسل اور دوام کے اعلان کی وجہ سے کفار مایوس ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات ہمیشہ امتحان ثابت ہوئے ہیں لیکن اس مرتبہ اس کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ تین دن بعد ایرانی قوم بڑے امتحان سے گزرے گی۔ امید ہے کہ اللہ ایرانی قوم کو اس امتحان میں سرخرو کرے گا۔ اس کڑے امتحان میں پہلے نمبر پر کامیابی یہ ہے کہ ٹرن آؤٹ کی شرح زیادہ ہو اور دوسرے درجے کی کامیابی زیادہ باصلاحیت امیدوار کا انتخاب ہے۔ انتخابات کی وجہ سے ایرانی قوم دشمن پر غالب آتی رہی ہے۔ جب بھی انتخابات میں عوام کی شرکت کم رہی، دشمن کو زبان درازی کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام انتخابات میں شرکت میں سستی نہ کریں۔ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں رہنے والے زیادہ شرکت کریں تاکہ جمہوری اسلامی ایران سربلند ہو جائے۔


































