
صنعا : یمن کے مختلف صوبوں، شہروں اور علاقوں میں جشن عید غدیر بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ دارالحکومت صنعا کے چار بڑے اسکوائر پر جشن نورو سرور کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ جشن عید غدیر میں شریک پیروان امامت و ولایت نے حضرت علی بن ابیطالب علیہ الصلوات والسلام کی پیروی اور آپ کی تعلیمات پر چلنے کے عہد کی تجدید کے ساتھ خدا اور اسلام کے دشمنوں سے برائت کا اعلان بھی کیا۔ یمنی عوام نے رہبر انقلاب یمن اور تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کی پیروی کے عہد کی بھی تجدید کی ۔ جشن عید غدیر کی مناسبت سے یمنی عوام نے اپنے پر شکوہ جلوسوں اور ریلیوں میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی نسل کشی پر بعض عرب حکومتوں کی خاموشی اور امریکا کے ساتھ ان کی یکجہتی کی مذمت میں نعرے بھی لگائے۔ شرکا نے امریکا، برطانیہ اور صیہونی حکومت کے منحوس مثلث کے خلاف فوجی اور سیکورٹی آپریشن میں کامیابیوں پر اپنی مسلح افواج کو مبارکباد بھی پیش کی۔


































