
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ میں المواصی کیمپ پر قیامت برپا کردی۔ وحشیانہ حملے میں اسی سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے المواصی کیمپ پر فضائی حملہ کیا۔ میزائل حملے سے ایک رہائشی عمارت اور خمیہ بستی تباہ ہوگئی۔ ہر طرف لاشیں اور زخمی بکھر گئے۔ جنہیں پہلے سے تباہ اسپتالوں میں پہنچایا گیا جہاں طبی سامان ہے اور نہ ہی ادویات موجود ہیں۔ کئی زخمی طبی امداد نہ ملنے پر جام شہادت نوش کرگئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق آج صیہونی حکومت کے جرائم میں شہید ہونے والوں کی تعداد 90 اور زخمیوں کی تعداد 300 ہو گئی۔ شہدا اور زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ شہدا کی تعداد سو سے زائد ہوسکتی ہے۔ کئی لاشیں اور زخمی ملبے میں ہیں۔
اس سے پہلے صیہونی فوج نے دیرالبلاح میں بھی حملہ کیا جس میں آٹھ افراد شہید اور گیارہ زخمی ہوئے۔ وسطیٰ غزہ میں ایک اور حملے میں تین فلسطینی شہید ہوئے۔


































