
نئی دہلی : بھارت کے دارالحکومت دہلی میں ایک اور مسجد کو غیرقانونی قرار دے کر اس کا ایک حصہ شہید کردیا گیا۔ دہلی میونسپل کارپوریشن نے منگول پوری میں واقع مسجد کو غیرقانونی قرار دے رکھا ہے۔ بلدیاتی عملہ پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ پہنچا اور مسجد کو گرانا شروع کردیا۔ اطلاع ملتے ہی مسلم خواتین اور مرد جمع ہوگئے اور انہدامی کارروائی پر احتجاج کیا۔ بعض افراد مسجد پر بھی چڑھ گئے۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا اور کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ بعد میں انہدامی کارروائی کرتے ہوئے مسجد کی دیواریں اور اس کا ایک حصہ گرادیا۔ انتظامیہ نے بتایا کہ مسجد کی تعمیر بہت مضبوط ہے اور اسے گرانے کے لیے بڑی مشینیں لانا ہوں گی۔


































