
گوادر : پاکستان اور ایران کے سرحدی علاقوں میں مزید تجارتی مراکز کھولے جائیں گے۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے حکام کی ملاقات میں کیا گیا۔ 12 رکنی ایرانی وفد نے ڈپٹی کمشنر گوادر کپٹن (ر) جمیل احمد سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تجارتی منصوبوں پر غور، بارڈر ٹریڈ سے متعلق گبد 250 بارڈر پر جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کے پائلٹ منصوبوں سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدوں، سیکیورٹی امور، سرحدی تجارت اور دیگر مختلف مشترکہ امور بھی زیر غور آئے، اجلاس میں سیکیورٹی امور اور مشترکہ سرحدی منڈیوں کے فروغ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرحدی علاقوں میں مزید تجارتی مراکز کھولے جائیں گے، پاکستان اور ایران نے اقتصادی تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا۔


































