
بغداد : عراق کی سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج کی توثیق کو سیاسی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔الفتح الائنس کے سربراہ ہادی العامری نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام کے تحفظ کے لئے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور اس کے حکم کے پابند ہیں۔ ہم نے انتخابات میں دھاندلی کے پختہ ثبوت اور مستحکم دلائل پیش کئے تھے یہ دلائل ایسے تھے جو کسی دوسرے ملک میں پیش کئے جاتے تو وہاں انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دے دیا جاتا۔ قانون اتحاد کے سربراہ نوری المالکی نے بھی عدالتی فیصلے پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائچ میں عدم شفافیت اور دھاندلی کے پختہ ثبوت موجود ہیں۔توقع تھی کہ عدالت انتخابی نتائج سے نقصان اٹھانے والی جماعتوں اور گروہوں کے تحفظات کو مدنظر رکھے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ تحریک حقوق نے کہا کہ عدالتی فیصلہ سیاسی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ عدالت پر شدید دباؤ تھا جس کی وجہ سے دھاندلی اور عدم شفافیت سے متعلق ثبوت و شواہد سے قطع نظر اپنا فیصلہ سنایا ہے۔


































