
ہانگ کانگ : ہانگ کانگ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ پالتو جانوروں کی ایک دکان میں کورونا وائرس کے متعدد ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تقریباً دو ہزار چھوٹے جانوروں کو ہلاک کر دیں گے جن میں ہیمسٹر (چوہوں کی ایک قسم) بھی شامل ہیں۔ پالتو جانوروں کی دکان کے ملازم میں پیر کو ڈیلٹا ویریئنٹ کی تصدیق ہوئی اور کئی ہیمسٹرز جو نیدرلینڈ سے درآمد کیے گئے تھے ان کا ٹیسٹ بھی مثبت آیامحکمہ زراعت، ماہی گیری اور تحفظ کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر ہیمسٹرز کی فروخت اور چھوٹے ممالیہ جانوروں کی درآمد کو بھی روک دیا جائے گا۔امریکی ادارے یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق جانور کورونا وائرس کو پھیلانے میں کوئی خاص کردار ادا نہیں کرتے تاہم ہانگ کانگ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ جانوروں اور انسانوں کے درمیان وائرس کی منتقلی کے امکان کو مسترد نہیں کر رہے ہیں۔
سینٹر فار ہیلتھ پروٹیکشن کے ایک کنٹرولر ایڈون سوئی نے بتایا کہ ہم اس امکان کو خارج نہیں کر سکتے کہ دکاندار درحقیقت ہیمسٹرز سے متاثر ہوا تھا۔ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیونگ سیو فائی نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اگر آپ کے پاس ہیمسٹر ہے تو آپ کو اپنے ہیمسٹر کو گھر میں رکھنا چاہیے۔ انہیں باہر نہ نکالیں۔ تمام پالتو جانوروں کے مالکان کو ذاتی حفظان صحت کا خیال رکھنا چاہیے اور آپ کو اپنے ہاتھ دھونے چاہییں اپنے پالتو جانوروں کو مت چومیں۔


































