
سنکیانگ : چین کے صوبے سنکیانگ میں سینکڑوں دیہاتوں کے نام تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق ناموں کی تبدیلی کا مقصد ایغور مسلم ثقافت کو مٹانا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق چین نے سنکیانگ کے علاقے میں 2009 اور 2023 کے درمیان ایغور مذہب، تاریخ اور ثقافت سے متعلق سینکڑوں گاؤں کے نام تبدیل کر دیے ہیں۔ "سلطان” اور "مزار” جیسے الفاظ کی جگہ "ہم آہنگی” اور "خوشی” جیسے الفاظ استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کو چینی حکام کی جانب سے اویغور آبادی کو چینی ثقافت کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے چودہ سال کے عرصے میں سنکیانگ میں گاؤں کے ناموں کا مطالعہ کیا اور پتہ چلا کہ چھ سو تیس تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایغور آبادی کے لیے کچھ اہم اصطلاحات کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے نظریے کی عکاسی کرنے والے الفاظ سے بدل دیا گیا ہے۔ ایغور مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بڑھتے ہوئے ثبوتوں کے باوجود، بیجنگ ان الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔


































