
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ بہادر مجاہد اور کمانڈر یحیی السنوار اپنے شہید دوستوں سے مل گئے۔ وہ مجاہدت اور مقاومت کا درخشان چہرہ تھے۔ یحیٰ سنوار ظالم اور فاسق دشمن کے خلاف غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑے رہے، انہوں کو سات اکتوبر کو دشمن کو تاریخی اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور عزت و سربلندی کے ساتھ شہادت کے معراج کی جانب پرواز کرگئے۔ ولی امر مسلمین نے کہا کہ غاصب اور ظالم دشمن کے خلاف اپنی زندگی گزارنے والے کا انجام شہادت ہی ہے۔ مقاومتی محاذ کے لیے ان کی جدائی یقیناً دردناک ہے تاہم شیخ احمد یاسین، فتحی شقاق، رنتیسی اور اسماعیل ہنیہ جیسے بزرگوں کی شہادت سے مقاومت کی پیشرفت نہیں رکی۔ سنوار کی شہادت سے بھی ٹھہراؤ نہیں آئے گا۔ اللہ کے اذن سے حماس زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔ اللہ کی مدد اور توفیق سے ہم ہمیشہ مخلص مجاہدین اور مبارزین کے ساتھ ہوں گے۔ آپ نے یحیی السنوار کی شہادت پر ان کے گھر والوں، ساتھیوں اور جہاد فی سبیل اللہ سے وابستہ لوگوں کو تسلیت بھی پیش کی۔


































