
غزہ : صیہونی فوج کے لبنان اور غزہ پر حملوں میں چھتیس افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ غزہ سٹی، جبالیہ اور نصیرات پناہ گزین کیمپ اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ صیہونی جنگی طیاروں اور ڈرونز نے شمالی غزہ کے کئی مقامات پر وحشیانہ حملے کئے۔حملوں میں چوبیس فلسطینی شہید اور ایک سو بارہ زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے خیمہ بستیوں اور تباہ عمارتوں میں مقیم بے گھروں پر بم برسائے۔ صیہون فوج نے دیر البلاح میں بھی حملہ کیا۔
ادھر جنوبی لبنان میں شہری دفاع کے مرکز پر صیہونی جنگی طیاروں کی بمباری سے بارہ لبنانی شہید اور چالیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ حملے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے کمانڈ سینٹر مرکز پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔صیہونی فوج نے کہا کہ اس نے چوبیس گھنٹوں میں حزب اللہ کے ایک سو بیس اہداف پر حملے کئے ہیں۔
ادھر حزب اللہ نے تل ابیب میں اسرائیلی فوج کی انٹیلی جنس کے زیر انتظام ‘تل حائیم’ اڈے کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی فوج نے کہا ہے کہ سات فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اس کے فوجی حزب اللہ کے خلاف لڑائی میں مصروف ہیں۔


































