
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بیت الحم کے قریب یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے ایک مقام پر نئی آبادکاری کی منظوری دے دی ہے۔ سخت موقف کے حامل وزیرخزانہ بیزلیل اسموٹریچ نے نئی بستیوں کی منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دفتر نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے اور یروشلم کے جنوب میں بستیوں کے ایک بلاک میں نئی بستی نہال ہیلٹز کا منصوبہ شائع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اسرائیل مخالف فیصلہ ان بستیوں کی توسیع کو نہیں روک سکے گا۔ ہم زمینی حقائق کی تشکیل کے ذریعے فلسطینی ریاست کی تشکیل کے خطرناک منصوبے کے خلاف لڑائی جاری رکھیں گے۔ اسرائیلی آبادکاری کے مخالف گروپ پیس ناؤ نے اس منصوبے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں فلسطینی علاقے کو ٹکڑے ٹکڑے کر رہی ہیں اور بڑی کمیونٹیزکو ان کے قدرتی اور ثقافتی ورثے سے محروم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ثقافتی اعتبار سے انسانیت کے لیے ایک انتہائی قیمتی ورثہ سمجھے جانے والے علاقے کے لیے بھی ایک ناگزیر خطرہ ہوں گی.


































