
نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس سے قبل انتونیو گوتریس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے بارے میں مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس دوہرا معیار نہیں ہو سکتا۔ ہمیں ہر جگہ یکساں اصولوں کو لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کو نافذکرنا ہوگا۔ سب کے لئے مساوی انسانی حقوق پر زور دیتے ہوئے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہمیں ایسے امن کی ضرورت ہے جو فلسطینی عوام کے حق کی ضمانت دیتا ہو جیسا کہ اسرائیلی عوام کا حق ہے۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلے کے دوریاستی حل سے ہی خطے میں امن آئے گا۔ غزہ میں بلا امتیاز شہریوں پر کئے جانے والے مظالم پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حماس کے حملے قابل مذمت ہیں کہ لیکن انہیں فلسطینی عوام کی اجتماعی سزا کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔


































