
غزہ : حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیل نے غزہ سٹی میں ایک فلیٹ کو نشانہ بنایا جس میں ابو عبیدہ موجود تھے۔ فضائی حملے میں اپارٹمنٹ میں موجود تمام افراد شہید ہوگئے۔ فلسطینی ذریعے نے مزید کہا کہ ابو عبیدہ کے اہلِ خانہ اور القسام قیادت نے لاش کی شناخت کے بعد ان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کا ہدف القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ تھے اور ان کے مطابق 95 فیصد امکان ہے کہ یہ کارروائی کامیاب رہی۔ اسرائیلی چینل 12 نے بتایا کہ ابو عبیدہ کی موجودگی کی ابتدائی معلومات جمعہ کی شام ملی تھیں اور ہفتہ کی شام ساڑھے پانچ بجے یہ کارروائی انجام دی گئی۔


































