
اجمیر : ہندوستان کے شہر اجمیر میں مسجد کے اندر پیش امام کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا۔ اجمیر کےعلاقے رام گنج میں صبح سویرے تین نقاب پوش محمدی مدینہ مسجد میں گھسے اور امام مولانا محمد ماہر کو لاٹھیوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ واقعہ کے وقت مولانا کے ساتھ پانچ چھ بچے بھی موجود تھے جنہیں حملہ آوروں نے ڈرا دھمکا کر وہاں سے بھگا دیا۔ معاملہ کی اطلاع موصول ہونے پر راج گنج تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچی۔ اس واقعہ سے علاقہ کے لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے، جنہوں نے پولیس سے قاتلوں کو جلد تلاش کرنے اور سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ پولیس سی سی ٹی وی کے فوٹیج کھنگالنے میں مصروف ہیں تاکہ حملہ آوروں کے بارے میں سراغ مل سکے۔
باون سالہ امام مسجد اتر پردیش کے علاقے رام پور کے رہنے والے ہیں اور گزشتہ سات سال سے اجمیر میں درس و تدریس کے فرائض ادا کر رہے تھے۔


































