
تہران: ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترک ہم منصب ہاکان فیدان سے ٹیلیفون پر رابطے کئے اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔ ایرانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق بیجنگ میں موجودگی کے دوران ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل پاکستان عاصم منیر سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ ٹیلی فونک گفتگو میں علاقائی پیشرفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ عباس عراقچی نے پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بعد اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔
اس گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ اور خطے کو درپیش اہم مسائل سمیت حالیہ علاقائی پیش رفت پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خطے میں سکیورٹی اور سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ جبکہ ایران اور ترکیہ مختلف علاقائی معاملات پر مسلسل مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں.


































