
صنعا: یمنی فوج نے بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہاز پر بڑا حملہ کردیا جس میں جہاز کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیاگیا ہے۔ امریکی جہاز پر حملے سے متعلق یمنی فوج کے دعویٰ کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہ ہوسکی۔ اس سے قبل امریکی جنگی جہازوں سے ٹوماہاک کروز میزائل اور لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا اور الحدیدہ سمیت سولہ سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا۔ حملے میں پانچ افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر یمنی فوج کے بار بار حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق فوجی اہداف میں لاجسٹک مرکز، فضائی دفاعی نظام اور ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کے مقامات شامل تھے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کی فوج نے آسٹریلیا، بحرین، کینیڈا اور ہالینڈ کی مدد سے یمن میں فوجی ٹھکانوں پر کامیابی سے حملے کیے ہیں۔ انصاراللہ یمن نے امریکی حملوں کو اس کی تاریخ کی سب سے بڑی حماقت قرار دیاہے اور کہا کہ حملہ کرنے والے اپنے عمل پر پچھتائیں گے۔ لندن اور واشنگٹن نے یمن میں جنگ چھیڑ کر غلطی کردی ہے۔


































