
نیویارک: اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تصادم بڑھا تو اس کے نتائج لبنان اور اسرائیل کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے لیے تباہ کن ہوں گے۔ لبنان اور اسرائیل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر ٹور وینیسلینڈ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی کے لیے فوری طور پر بات چیت کا آغاز کریں۔ ٹور وینیسلینڈ کا کہنا تھا کہ وہ یروشلم اور مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع پر سخت پریشان ہیں۔ ان بستیوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے اسرائیل سے ایسے تمام اقدامات بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج اور فسلطینیوں کے درمیان مسلح جھڑپوں میں شدت اور فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلیوں اور اسرائیلی آبادکاروں کی طرف پر فلسطینیوں پر مہلک حملوں کے باعث بھی کشیدگی بڑھی ہے، حملے کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ وینیزلینڈ نے غزہ میں جاری صورت حال کو علاقائی عدم استحکام کا باعث قرار دیا اور فوری طور پر تمام یرغمالیوں کی غیرمشروط رہائی اور جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔


































