
واشنگٹن: امریکی کانگریس کے چھیالیس ارکان نے صدر بائیڈن کو ایک اور خط لکھ کر سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔ ارکان کانگریس نے خط میں لکھا ہے کہ مقبول رہنما کو مسلسل پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔ تحریک انصاف کو فروری میں عام انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔ حکومت نے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرکے ملک کی مقبول پارٹی پی ٹی آئی اور اس کے رہنماؤں کو ووٹوں کے نمبر تبدیل کرکے شکست سے دوچار کیا۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ حکومت نے سوشل میڈیا پر پابندی کے ذریعے پی ٹی آئی کی تشہیری مہم کو روکا اور سرکاری اہلکاروں کے ذریعے بانی پی ٹی آئی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انتخابات کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور شہری آزادی سلب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔امریکی ایوان میں منظور کردہ قرارداد نمبر 901 کے مطابق امریکا پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ توقع ہے امریکا پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کے 60 سے زائد اراکین نے گزشتہ ماہ بھی امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھا تھا، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستانی جیلوں میں موجود سیاسی قیدیوں کی رہائی کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔


































