حکومت خواتین کے آئینی، قانونی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وجود کی نمائش خود عورت کی توہین ہے، خاتون کی عزت و وقار اس کی حیا ہے، میڈیا یا کسی بھی فورم پہ عورت کی تضحیک و تذلیل ناقابلِ قبول رویہ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ٹی وی چینل پر پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے، میڈیا کو ایسے حساس معاملات پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کے ہرقسم کے استحصال کے خلاف ہے اور انکے آئینی، قانونی، سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، عورتوں کے حق وراثت سے لے کر زینب الرٹ بل کی منظوری تک کے اقدامات عورتوں کے حقوق کیلئے حکومت کے پختہ عزم اور سوچ کا واضح اظہار ہے،فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ہر مسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہ الزہراکی سیرت طیبہ اور امہات المومنین جیسی جلیل القدر ہستیاں ہیں، پہلی مسلمان خاتون حضرت خدیجہ الکبریؑ تجارت پیشہ تھیں، اسلامی تاریخ کے یہ روشن کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔


































