یوم بعثت پر حلال کی کمائی سے دستر خوان بچھانا اجر و ثواب کا موجب ہے، خطبہ جمعہ
لاہور( پ ر ) مولانا سید تطہیر حسین زیدی نے کہا ہے کہ انسان کی عظمت اس کی سیرت و کردارکی بنیاد پر ہوتی ہے،اچھا بننے کی بنیادی شرط ایمان ہے لیکن فقط ایمان ہی کافی نہیں ہوتا،سورہ مبارکہ العصر میں ایمان کے ساتھ دیگر صفات کے علاوہ صالح اعمال کو بھی شرط قرار دیا گیا ہے، علی مسجد جامعتہ المنتظر میںخطبہ جمعہ دیتے ہو ئے مولانا تطہیر حسین نے کہا کہ رسول اللہ کی بعثت کا دن بہت بڑی عید ہے اس عید پر بھی دستر خوان بچھانا ، لوگوں کو کھانا کھلانا اجر و ثواب کا موجب ہے، کھانا کھلانے سمیت تمام مستحبی عبادات انسان کی سیرت کی تشکیل میں مددگار ہوتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انسان کی عظمت اس کی سیرت و کردارکی بنیاد پر ہوتی ہے۔کردار ہی سے انسان کی قدر و قیمت کا اندازہ کیا جاتا ہے ورنہ ظاہری لحاظ سے ہابیل بھی انسان تھا اور اس کا قاتل قابیل بھی ایک انسان ہی تھا۔


































