خطے کو آئینی صوبہ قرار دے کر صوبائی اختیارات تفویض کرنا ہماری اولین ترجیح ہے
گلگت (نیوز ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان میں شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد پر اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کی اتحادی جماعت کی کامیابی ہم پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے،پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین جی بی میں مل کر حکومت بنائیں گے،خواتین اور ٹیکنوکریٹ سمیت ہمارے پاس تین نشستیں موجود ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ ہم نے علاقے کے عوام کو نوجوان قیادت فراہم کی ہے تاکہ پوری لگن، ولولے اور جانفشانی کے ساتھ علاقے کے عوام کی خدمت کی جا سکے ، عوام نے ان سیاسی شعبدہ گروں کو مسترد کر دیا ہے جنہوں نے اپنی زبان کے زہر کو خوشنما لفظوں میں چھپا رکھا تھا، جی بی کے آئینی صوبے کی بات ہوتے ہی وہ تمام کردار کھل کر سامنے آگئے جو بظاہر جی بی کے حقوق کی بات کرتے تھے لیکن فکری اعتبار سے وہ مودی کے پیروکار تھے،خطے کو آئینی صوبہ قرار دے کر صوبائی اختیارات تفویض کرنا ہماری اولین ترجیح ہے


































