
پاکستان، ایران، ہندوستان، جموں کشمیر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کی 32 ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ پاکستان کے مختلف شہروں من جملہ راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور، ہری پور، لیہ، ملتان اور کوئٹہ میں نے مسلمانوں کو بیدار کرنے والی عظیم شخصیت حضرت امام خمینی (رہ) کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بانی انقلاب اسلامی سید روح اللہ موسوی الخمینی کی برسی کے موقع پر کوئٹہ میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری اور ڈاکٹر محمد حسین الحسینی سمیت دیگر مفکرین نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔ امام جمعہ کوئٹہ نے حضرت امام خمینی (رہ) کے دور کی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ایران کے ظالم و جابر بادشاہ نے اسلام کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی تو اس وقت حضرت امام خمینی (رہ) نے اس کا سامنا کیا اور اللہ کی راہ میں ہر مصیبت کی گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا یہی وجہ تھی کہ ایران کا بادشاہ شدید طاقتور ہونے کے باوجود فرار کر گیا۔
حضرت امام خمینی(رح) کی 32 ویں برسی کے موقع پر عراق، شام ، لبنان ، فلسطین ، ترکی اور یورپی ممالک میں بھی اجتماعات اور سمینار منعقد ہوئے اور حاضرین نے حضرت امام خمینی (رہ) کی خدمات پر انھیں خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا۔


































