کواردو کے مقامی علما کی خدمات پورے بلتستان میں قابل قدر ہیں
اسکردو (نیوز ڈیسک) اسکردو حلقہ دو میں سابق رکن اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان کے علاقے میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سربراہ سید علی رضوی اور امیدوار اسمبلی کاظم میثم نے دبنگ انٹری دی، عوام کی جانب سے جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا، عمائدین کی دعوت پر آغا علی رضوی اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار کاظم میثم نے کواردو کا دورہ کیا ، جوانوں نے آغا علی اور کاظم میثم کو کواردو پل سے بائیک ریلی کی صورت میں علی آباد تک پہنچایا ، ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار کاظم میثم نے کواردو کے مقامی علما ، سادات اور ذاکرین کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کواردو کو سرزمین علما کا نام دیا جاتا ہے، یہاں کے مقامی علما کی خدمات پورے بلتستان میں قابل قدر ہیں، خصوصاً سید علی طوسی اور علامہ شیخ محمد کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر کواردو میں روڈ کا مسئلہ حل ہوتا، پانی کا بہتر نظام ہوتا، پینے کے لیے صاف پانی میسر ہوتا، صحت کی سہولیات فراہم ہوتیں اور تعلیم کے لیے معیاری ادارے ہوتے تو ہم کبھی الیکشن میں نہیں آتے۔


































