بیلجئم میں مذہبی ذبیحہ پر پابندی کے فیصلے کو مسلمانوں اور یہودیوں نے چیلنج کیا تھا
برسلز(نیوزڈیسک) یورپین یونین کی عدالت برائے انصاف نے یورپین ممبر ممالک کی جانب سے مذہبی ذبیحہ پر پابندی کو جائز قرار دے دیا، لکسمبرگ میں قائم یورپین عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک بے ہوش کیے بغیرکئے گئے ذبیحہ پر پابندی عائد کر سکتے ہیں ، جولائی 2017 میں بیلجیئم کے فلامش علاقے کی حکومت نے جانوروں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے ایما پر بغیر بے ہوش کیے کھلے عام جانوروں کو قربانی یا دیگر مذہبی رسومات میں ذبح کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی،جس پر مسلمانوں اور یہودیوں نے فیصلے کو بیلجیئم کی آئینی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیاتھا کہ یہ پابندی ان کی مذہبی آزادیوں اور ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، عدالت نے اس موضوع پر رائے دینے کیلئے اسے یورپین کورٹ آف جسٹس کو ریفر کر دیا تھا۔


































