
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت اور اصلاحات کے حوالے سے تحریک پر ان کیمرہ اجلاس بلانے کی ہدایت کر دی ہے۔ سینیٹر آغا شہباز درانی اور سینیٹر بیرسٹر سیف کی جانب سے گلگت بلتستان میں اصلاحات کے حوالے سے ابتدائی تحریک پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت جی بی کی ترقی اور خوشخالی کے لئے پر عزم ہے اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو ان کا بجٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کے باوجود جی بی کے بجٹ میں 42 فیصد اضافہ کیا ہے۔ جی بی میں کئی بڑے بڑے منصوبے جاری ہیں۔ دیامر بھاشا ڈیم پر کام شروع ہے۔ گلگت بلتستان کو درپیش بجلی کے مسائل حل کر رہے ہیں۔ اس طرح احساس پروگرام میں جی بی کے ہزاروں خاندانوں کو مستفید کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی بی آرڈر کے تحت گلگت بلتستان ان کی اپنی اسمبلی ہے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ ہے۔ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت اور علاقائی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے ایوان سے استدعا کی کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے ان کیمرہ سیشن بلایا جائے جس پر چیئرمین سینیٹ نے تحریک پر ان کیمرہ بحث کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔


































