
وزیر اعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کلیئر کر دیا تھا کہ جب تک فلسطینیوں کو حق نہیں ملتا، اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے. انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے پر میرا ضمیر کبھی بھی راضی نہیں ہوگا۔ اسرائیل کے بارے ہمارا موقف بڑا کلیئر ہے۔ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا۔ اگر ہم اسرائیل کو تسلیم کر لیں گے تو پھر کشمیر بھی چھوڑ دینا چاہیے۔ اسرائیل اور فلسطین کے بارے میں ہمیں اللہ کو بھی جواب دینا ہے۔
سعودی عرب کیساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار مسلم دنیا کو تقسیم نہیں اکٹھا کرنا ہے۔ سعودی عرب کی اپنی خارجہ پالیسی ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی خرابی کی خبریں بالکل غلط ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پہلے امریکا جنگ کے لیے پاکستان کو استعمال کرتا تھا، آج ہم امن کے شراکت دار ہیں۔ افغانستان میں امن عمل میں ہم پارٹنر ہیں اور دنیا میں کشمیر مسئلے کو اجاگر کر رہے ہیں اور اقوام متحدہ میں تین دفعہ کشمیر پر بحث ہوئی۔


































