
وزیراعظم عمران خان نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ چیلنجز کاسامنا کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ مستقل طور پر امن کی کوشش کرے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ امن عمل کی موجودہ رفتار کو امریکا طالبان امن معاہدے کے نفاذ کے لیے بڑھانا ہوگا جس سے بین الافغان مذاکرات جلد شروع ہونے کی راہ ہموار ہو سکے گی۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے افغان امن عمل کے نئے مرحلے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف ادارہ جاتی میکانزمز کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان۔پاکستان ایکشن پلان برائے امن و استحکام (اے پی اے پی پی ایس) کے اگلے اجلاس کے جلد از جلد انعقاد کے خواہاں ہیں۔9


































