شام کی چائے کے ساتھ کیک رس بھی گھر میں تیار کریں
شام کی چائے کا وقت ایسا ہے جب چائے کے ساتھ کچھ کھانے کا دل ضرور کرتا ہے، پھر چاہے سموسے ہوں، پکوڑے یا پھر آلو کے چپس ہی صحیح۔لیکن ایسے میں کیک رس بھی ایک بہترین آپشن مانا جاتا ہے، جو لوگ چائے کے ساتھ شوق سے کھاتے ہیں۔لیکن ہر کسی کو بازار میں بنے پکوان کھانا پسند نہیں، کسی کو ذائقہ سمجھ نہیں آتا تو کسی کو اسے تیار کرنے میں صفائی کا خیال رہتا ہے۔
ایسے میں اگر آپ کا چائے کے ساتھ کیک رس کھانے کا دل کررہا ہو اور بازار سے نہ لینا چاہیں یا دستیاب نہ ہوں تو یہاں دی گئی نہایت آسان ترکیب کے ساتھ کیک رس گھر میں تیار کرلیں۔
اجزاء:
دو کپ آٹا
چھ انڈے
225 گرام مکھن
دو چائے کے چمچ ونیلا ایسنس
تین چائے کے چمچ بیکنگ پاؤڈر (لیول)
آدھا چائے کا چمچ نمک
سوا کپ پاؤڈر چینی
اورنچ فوڈ کلرنگ
ترکیب:
اوون کو 350 ڈگری فارن ہائیٹ پر چلادیں، مکھن اور انڈوں کو کسی کیک مکسر میں ڈالیں۔پھر اس میں شکر اور ونیلا کو شامل کرکے مکس کرلیں، اس کے بعد تمام خشک اجزا اور فوڈ کلرز کو شامل کرکے مکس کریں۔ایک مرتبہ جب کیک کا مکسچر تیار ہوجائے تو اسے 8×8 انچ پین میں ڈال کر 55 منٹ تک پکائیں۔
جب کیک تیار ہوجائے تو اسے ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیں اور اس کے بعد اس کے ٹکڑے کرلیں، انہیں دوبارہ اوون میں رکھ کر 300 ڈگری فارن ہائیٹ پر بیس منٹ تک پکائیں، پھر ٹھنڈا اور سخت ہونے دیں، جس کے بعد انہیں چائے، دودھ یا کافی کے کپ کے ساتھ مزہ لے کر کھائیں، چاہے تو کسی ائیرٹائٹ برتن میں رکھ کر اسٹور بھی کیا جاسکتا ہے۔
- Home
- خواتین کا نوائے اسلام
- نوائے اسلام کچن کارنر
نوائے اسلام کچن کارنر
-
Ilyas - اپریل 2, 2020
- خواتین کا نوائے اسلام
- 3
- 1 minute read


































