
خیبر پختونخوا کے شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ ایکنک نے سوات موٹروے فیز 2 اور خیبر پاس اکنامک کوریڈور کی منظوری دے دی۔ سوات موٹروے فیز ٹو چکدرہ سے سوات کے علاقے فتح پور تک تعمیر کی جائے گی، 4 لائنز 80 کلومیٹر موٹروے کیلئے تقریباً 10 ہزار کنال زمین خریدی جائے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ خیبر پاس اکنامک کوریڈور کا منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے تعمیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود میگا منصوبوں کی منظوری اہم کامیابی ہے، ان اہم منصوبوں کی منظوری پر وفاقی حکومت اور وزیر اعظم کے شکرگزار ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ خیبر پاس اکنامک کوریڈور سے پاک افغان تجارت کو فروغ ملے گا جب کہ سیاحت کا فروغ اور وسطی ایشیائی ممالک کی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔


































