تاریخی اختلافات اچھالنے سے نفرتوں کے سواکچھ حاصل نہیں ہوگا،پیر سید محمد معصوم
لاہور (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) اور اتحاد ا ±مت مصطفیٰ پاکستان کے زیر اہتمام قائد اہلسنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی کی زیر صدارت جے یو پی سیکریٹریٹ لاہور میں اتحاد امت کانفرنس منعقدہوئی، جس میں علمائے کرام، مزارات اولیا کے سجادہ نشین اور مشائخ عظام نے واضح کیا کہ فرقہ واریت اور دہشت گردی پاکستان کی سالمیت کیلئے زہر قاتل ہے ، اتحاد امت کو پارہ پارہ کرنے کیلئے غیر ضروری طور پر علمی اور تاریخی اختلافات کو اچھالا جا رہا ہے، جس سے سوائے نفرتوں کے کچھ حاصل نہیں ہوگا ،انہوں نے کسی بھی مسلک کے جلوسوں کے روکنے کے بیانات سے اظہار لاتعلقی کیا اور کسی بھی مذہب و مسلک کی رسومات میں مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے باہمی احترام پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ سنی شیعہ اختلافات صدیوں سے چلے آرہے ہیں لیکن ایک دوسرے کیخلاف محاذ آرائی، نفرت اور تکفیری سوچ کبھی اختیار نہیں کی گئی ، ہم سمجھتے ہیں کہ فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دینے کی بجائے مشترکات کو فروغ دیا جائے کسی ایک مقرر کی متنازعہ گفتگو کو اس مسلک کا نظریہ نہ سمجھا جائے ۔


































