
غزہ: صیہونی فوج نے غزہ کے علاقے رفح میں اونروا کے گودام پر بم برسادئے۔ حملے میں دس فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ غزہ میں ہر گذرتے دن کے ساتھ صیہونی درندگی میں اضافہ ہونے لگا۔ امداد کیلئے جمع فلسطینی ایک بار پھر حملے کا نشانہ بنے ہیں۔ صیہونی فوج نے رفح میں اونروا کے گودام کو نشانہ بنایا۔ حملے میں دس افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ لوگوں نے لاشوں اور زخمیوں کو خود اسپتال منتقل کیا۔ غزہ سٹی۔ خان یونس میں بھی اسرائیلی فوج کے حملوں میں تیس فلسطینی شہید ہوئے۔ بیت الاحیہ۔ رفح میں بھی اسرائیلی فوج نے حملے کیے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران سو سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں مجموعی شہادتیں 31 ہزار دو سو سے بڑھ چکی ہیں۔
ادھر حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے شدید حملے کرکے صیہونی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ القسام بریگیڈ نے بتایا کہ خان یونس میں اسرائیلی فوج کے دو یونٹس پر کامیاب حملہ کیا۔ حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔


































