
تل ابیب : اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ستائیس سو سے زائد غیر قانونی بستیوں کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔
فلسطینی کمیشن برائے آبادکاری کے مطابق اسرائیلی حکام بدھ کو مغربی کنارے میں نئی غیرقانونی صیہونی آبادکاری کے منصوبوں پر غور کریں گے۔ کمیشن نے کہا کہ مجوزہ منصوبوں میں کم از کم دو ہزار سات سو اکیس نئی رہائشی یونٹس کی تعمیر شامل ہے جبکہ مختلف علاقوں میں آبادکاری کی حدود میں توسیع اور قانونی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بیت اللحم کے قریب گیوات میں ایک ہزار چھ یونٹس، نابلس کے جنوب میں ہار براخا میں نو سو بائیس، جنین کے مغرب میں چار سو پچپن اور الخلیل کے مشرق میں کریات اربع میں دو سو چونتیس یونٹس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ کمیشن نے خبردار کیا کہ ان منصوبوں سے مزید فلسطینی اراضی ضبط ہوگی اور فلسطینی آبادیوں کے درمیان جغرافیائی تقسیم گہری ہو جائے گی۔


































