
صنعا: انصار اللہ کے سربراہ عبدالمالک الحوثی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت میدان جنگ میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد غزہ میں بے گناہ لوگوں پر بیرل بم اور دھماکہ خیز روبوٹ استعمال کررہی ہے۔ امریکہ بھی صیہونی جرائم میں برابر شریک ہے۔ اگر امریکی امداد نہ ہو تو صیہونی حکومت نہ حملے کرسکتی ہے اور نہ اپنا وجود برقرار رکھ سکتی ہے۔انصار اللہ کے رہنما نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت عربوں کو تباہ کرنے کے اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واشنگٹن خطے میں صیہونی حکومت کے مذموم سیاسی اور اقتصادی مقاصد کے لیے راہ ہموار کررہا ہے۔ انہوں نے غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کے جرائم کو خوفناک قرار دیتے ہوئے مسلمانوں اور عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ امت اسلامیہ کے خلاف دشمنوں کی سازشوں سے ہوشیار رہیں۔ انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ مسلمانوں کو بالخصوص اور عالمی برادری کو بالعموم آگاہ ہونا چاہیے کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے اور دشمن کیا سازش کر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی شروع سے ہی سفاک تھے اور اس پر فخر کرتے ہیں۔ مغرب کی حمایت نے صیہونی حکومت کو مزید جرائت بخشی ہے۔ جب مقاومت کے سامنے میدان جنگ میں شکست ہوئی تو معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ غزہ کی پٹی میں نسل کشی جاری ہے۔ غاصب صیہونی امریکہ کی طرف سے دیے گئے تباہ کن بموں سے پناہ گزینوں کو وحشیانہ طریقے سے نشانہ بناتا ہے۔


































