
لندن : کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے انتباہ کیا کہ سلامتی کونسل کی جانب سے جنگ بندی کی قرارداد پر اسرائیل نے عمل نہ کیا تو صیہونی حکومت کے ساتھ سیاسی اور سفارتی تعلقات منقطع کریں گے۔ انہوں نے غزہ میں فلسطینی عوام کے قتل عام پر مغربی ممالک کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک فلسطینیوں کے قتل عام میں شریک ہیں اور غزہ پر حملوں کی پس پردہ حمایت کررہے ہیں۔ انہوں نے لاطینی امریکی ممالک کے مشترکہ اجلاس کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی حمایت پر یورپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی اور فرانس سمیت یورپی ممالک غزہ میں بے گناہ سویلین پر بمباری کی حمایت کررہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ صیہونی حکومت کو غزہ کے خلاف مزید جارحیت سے روکے ورنہ غزہ میں انسانوں کی بڑی تعداد قتل ہوگی جس سے دوسری جنگ عظیم کی یاد تازہ ہوجائے گی۔


































