محکمہ اوقاف کو 26کروڑ کا نقصان، حکومت سے اجازت طلب کرلی
لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب میں مزار وں کی بندش سے محکمہ اوقاف و مذہبی امور کو26 کروڑ روپے کا نقصان پہنچاہے، محکمہ اوقاف نے حکومت پنجاب سے مزارات کو کھولنے کیلئے اجازت لینے کا فیصلہ کیا ہے،ایس او پیز ملنے پر مزارات کو عملدرآمد کرانے پر کھولا جائیگا،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید محمد محفوظ مشہدی اور جے یو پی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری نے ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز کھولنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مزارات اولیا اللہ کو بھی عوام کیلئے کھولا جائے، عوام کی عقیدت کا مرکز یہ مقدس مزارات سے لوگوں کو فیض ملتا ہے، عوام کو اس سے محروم نہ رکھا جائے،ادھرشیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مزارات اولیا کو کھولنے کی حمایت کی ہے انہوںنے کہا کہ ہم کسی سے مقابلے کی بات نہیں کرتے، جو مذہبی آزادی ہم اپنے لئے چاہتے ہیں، اس کا مطالبہ تمام اسلامی مکاتب فکر کیلئے بھی کرتے ہیں۔


































