
تہران: امریکہ نے حالیہ جنگ کے دوران ایران کے خلاف ایسے جدید ہتھیار استعمال کئے جو تیسری جنگ عظیم کیلئے مختص کئے گئے تھے۔ لیکن وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ایران کی مسلح افواج کے سینئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے ایران کے خلاف ایسے ہتھیار استعمال کیے جو اس سے پہلے کبھی میدانِ جنگ میں استعمال نہیں کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کا منصوبہ تھا کہ ایک ہفتے میں ایرانی فوج کو شکست دے کر اگلے ہفتے ایران کو تقسیم کر دیا جائے۔ دشمن نے فوجی حملے کے ساتھ بغاوت کی کوشش کو بھی جوڑنے کی کوشش کی، تاہم ایرانی عوام نے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
بریگیڈیئر جنرل شکارچی نے کہا کہ ایران نے سابقہ فوجی کارروائیوں اور مشقوں کے بعد اہداف اور دفاعی منصوبہ بندی کو مزید مضبوط بنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران بھی ایران کی میزائل پیداوار بلا تعطل جاری رہی اور دفاعی صلاحیت برقرار رہی۔ بریگیڈیئر جنرل شکارچی نے مزید کہا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت نے ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی جامع منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔


































