
ماسکو: روسی صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین نے روس کے اقتصادی اہداف پر حملوں کے ذریعے اپنے لیے جہنم کے دروازے کھول لیے ہیں۔ حملوں کا جواب یوکرین کے انتہائی حساس اقتصادی شعبوں کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔ روسی صدر نے مقامی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ روسی حملوں سے یوکرین کی زرعی برآمدات متاثر ہونے کے باوجود عالمی منڈی میں غذائی قلت پیدا نہیں ہوگی کیونکہ روس یوکرینی برآمدات کی کمی پوری کرسکتا ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ روس کو اپنی مصنوعات کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ماسکو ان مسائل کو حل کرلے گا اور عالمی منڈی میں اشیائے خورونوش کی قلت نہیں ہوگی۔ پیوٹن نے ایک بار پھر کہا کہ ماسکو امن مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم بات چیت زمینی حقائق کی بنیاد پر ہونی چاہیے، نہ کہ یوکرین کی جانب سے ثالثوں کے ذریعے پیش کی جانے والی غیر معمولی تجاویز پر۔


































