
بیروت : ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی بیروت پہنچ گئے۔ انہوں نےکہاہےکہ میں ایران کی حکومت اور عوام کی طرف سے آج بیروت میں دو اسلامی مزاحمتی ہیروز کے جنازے میں شریک ہوں۔ آج دنیا پر ظاہر ہو گا کہ مزاحمت زندہ ہے، حزب اللہ زندہ ہے، اور وہ اپنے مقصد کے ساتھ وفادار ہے۔ مزاحمت کا راستہ جاری رہے گا اور اب تک جتنی فتوحات حاصل کی ہیں انشاء اللہ آخری فتح بھی حاصل ہو گی۔
اس سے قبل انہوں نے ہالینڈ کے وزیرخارجہ کے ساتھ فون پر بات چیت میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگی جرائم کے لیے بین الاقوامی عدالتوں میں اسرائیلی حکام کے خلاف قانونی اور فوجداری کارروائیوں میں تیزی لائے۔ انہوں نے تمام حکومتوں کے لیے بین الاقوامی تعلقات میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے، اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل پیرا ہونے اور اقوام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کے خلاف بھی خبردار کیا۔


































