
اسلام آباد: دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خودکش بمبار کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ ممکنہ دہشت گرد ذاکر خان ولد لائق جس کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، دہشت گردی کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کرے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پولیس کو رپورٹ دی گئی ہے، جس کے بعد اسلام آباد میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کرکے حفاظتی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں۔ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے بیرونی گیٹ پر ایف سی کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور ساتھ ہی غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ ون فعال کردیا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس ملتوی کردیے گئے ہیں۔ صرف پارلیمنٹرینز، ملازمین اور رجسٹرڈ صحافیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔


































