
اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے ہمارے پاس کوئی جواز نہیں ہے، حکومت اور اداروں میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق سوچ بھی موجود نہیں۔ ایک انٹرویو میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ٹی ٹی پی غیر مشروط ہتھیار ڈالے تو بات چیت کے لیے تیار ہیں، ٹی ٹی پی نے ہتھیار نہیں ڈالے تو سو سال تک لڑنے کو تیار ہیں۔ ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے متعلق نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ایران کی کارروائی سے مجھے دھچکا لگا اور غصہ بھی آیا، بہت سے لوگ زور دے رہے تھے میں بیان جاری کروں لیکن میں نے گریز کیا، جبکہ ڈیووس میں ایرانی وزیر خارجہ نے کارروائی سے متعلق کوئی بات نہیں کی تھی۔ انوارالحق کاکڑ نے دعویٰ کیا کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں گے، ماضی میں بھی شفافیت پر سوالات اٹھتے رہے ہیں لیکن کروڑوں ووٹرز کو مینیج نہیں کیا جا سکتا۔


































