
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ کے علاقے بیت لاہیہ میں قیامت برپا کردی۔ وحشیانہ حملے میں سو سے زائد افراد شہید ہوگئے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شمالی غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والی رہائشی عمارت پر میزائل داغ دئے۔ حملے میں پانچ منزلہ عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی اور اس سے ملحقہ بعض عمارتیں یا تو گرگئیں یا اُنہیں شدید نقصان پہنچا۔ ملبے میں درجنوں افراد دب گئے۔ کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے الجزیرہ ٹی وی چینل کو بتایا کہ درجنوں زخمی اسپتال پہنچ چکے ہیں اور وسائل کی کمی کی وجہ سے ان میں سے کئی کی موت ہو سکتی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق حملے میں شہید افراد میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ موات میں اضافے کا خدشہ ہے اور اسرائیلی فوج ملبے میں دبے ہوئے افراد کو نکالنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
ادھر حماس کے ساتھ جھڑپوں میں چار صیہونی فوجی ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر بل برنز نے آٹھ اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے اٹھائیس دن جنگ بندی کی تجویز دی ہے جبکہ اسرائیلی یرغمالیوں کے درجنوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔ اسرائیلی پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کی فلسطین میں امداد و بحالی کی ایجنسی انروا پر پابندی کی قراردار بھی منظور کرلی ہے۔


































