
غزہ: صیہونی فوج نے غزہ میں قیامت ڈھادی۔ صیہونی فوج نے درج محلے میں الطابن اسکول پر تین میزائل داغے جس میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ اسرائیل نے اسکول میں حماس کا ہیڈ کوارٹر ہونے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ فلسطین اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ اسکول پر حملہ جنگی جرائم ہے۔ صیہونی فوج نے جبالیہ، رفح، نصیرات، دیر البلاح اور خان یونس میں بھی حملے کیے جس میں دو فلسطینی صحافیوں سمیت چالیس کے قریب فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ شہدا کی مجموعی تعداد انتالیس ہزار چھ سو ننانوے سے تجاوز کرگئی۔ صیہونی فوج کے انخلاء کے حکم کے بعد مشرقی خان یونس میں افراتفری پھیل گئی ہے اور ستر ہزار سے زائد افراد کو دو ہفتوں میں دوسری بار نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


































