
بیروت : صیہونی فوج نے ایک بار پھر وسطی بیروت میں رہائشی علاقوں پر بم برسادئے۔ تازہ حملوں میں سترہ افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ چوبیس گھنٹوں میں ایک امریکی شہری سمیت باسٹھ افراد مارے گئے۔ جبکہ سو سے زائد زخمی ہوئے۔ صیہونی فوج نے رات سینٹرل بیروت میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ حملے میں چھ افراد شہید اور آٹھ زخمی ہوئے۔ حزب اللہ نے کہا ہے کہ حملہ اس کے میڈیکل یونٹ پر کیا گیا۔
اسرائیلی فورسز نے لبنان پر ممنوعہ فاسفورس بم بھی گرائے۔ نباتیہ میں فاسفورس بم کے حملے میں تین افراد شہید ہوگئے۔ کچھ ہی دیر بعد صیہونی فوج نے وادی بیکا میں مکانات کو میزائل سے اڑادیا۔ حملے میں تین مکان ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ جبکہ چار بچوں سمیت گیارہ افراد شہید اورکئی زخمی ہوئے۔ لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ رات تک صیہونی حملوں میں پینتالیس افراد شہید اور پچاسی زخمی ہوئے تھے۔
حزب اللہ نے صیہونی فوج کو فضائی حملوں کا بھرپور جواب دیا اور شمالی اسرائیل کے قصبے میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ اسرائیل کے مختلف مقامات پر دو سو سے زائد راکٹ داغے گئے۔مجاہدین نے صیہونی فوج کے زمینی کارروائی شروع کرتے ہی ہوش اڑادئے۔ پہلے ہی دن حزب اللہ نے سرحد پر پچیس سے زائد کارروائیاں کیں اور اسرائیل کو بھاری نقصان پہنچایا۔ گائیڈڈ میزائلوں سے اسرائیل کے جدید ترین مرکاوا ٹینکس تباہ کردئے۔ گھات لگاکر کئے گئے حملوں میں چودہ فوجی ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں سے منتقل کیا گیا.


































