
تہران: اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے آنے والے انتخابات میں اپنی سیاسی بقا کے لیے ایک اماراتی طیارے کے اغوا کا جعلی ڈرامہ رچایا جس کا مقصد اسے ایران سے منسوب کر کے امریکی صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف نئی جنگ میں گھسیٹنا تھا۔ نیتن یاہو کو گہری تشویش ہے کہ اگر کنیسیٹ انتخابات موجودہ حالات میں منعقد ہوئے تو انکا اتحاد اکثریت حاصل کر کے حکمران اتحاد تشکیل دینے میں ناکام رہے گا جبکہ اس صورت میں، وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد، انہیں اپنی باقی سیاسی زندگی جیل کے پیچھے گزارنی پڑے گی۔ پریس ٹی وی نے ایک نامعلوم علاقائی ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ نیتن یاہو نے امارات کے خفیہ دورے کے دوران بعض عرب ممالک کے حکام اور سکیورٹی عہدیداروں کے ساتھ اس منصوبے کو حتمی شکل دی۔ یہ دعویٰ فلائی دبئی کی دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاہم متعلقہ ممالک نے اس الزام کی تصدیق نہیں کی اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔


































