
تہران: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے امریکا اور خلیج تعاون کونسل کے مشترکہ بیان کو اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور اندرونی معاملات میں مداخلت قراردیا ہے۔ ایرانی ترجمان نے امریکا اور خلیج تعاون کونسل کے مشترکہ اعلامیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک کی سلامتی سے متعلق امریکا کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں۔ خطے میں امریکی فوجی موجودگی مقامی عوام پر بوجھ ہے اور یہی عدم استحکام کی بنیادی وجہ بھی ہے۔ تہران نے الزام عائد کیا کہ اٹھائیس فروری سے آٹھ اپریل کے دوران ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت میں خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو حملوں کے لیے استعمال کیا گیا۔ ایرانی وزارتِ خارجہ نے خبردار کیا کہ بعض علاقائی ممالک کی واشنگٹن کے ساتھ محاذ آرائی پر مبنی ہم آہنگی خطے کے امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔


































