
اسلام آباد (نیٹ نیوز) قومی اسمبلی نے حضور پاک حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام کے ساتھ خاتم النبین لازمی لکھنے کی قرارداد پر عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مرکزی و صوبائی حکومتوں کو خط لکھنے کا اعلان کیا۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوئی ہے اب اس پر عمل بھی کروائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد کا کہنا ہے کہ 2 روز قبل جو قرارداد منظور ہوئی وہ تاریخی واقعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ خاتم الانبین لازمی لکھے جانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
دو روز قبل قومی اسمبلی میں نصابی کتب میں حضرت محمد (ص) کے نام کے ساتھ خاتم النبیین لکھنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی جس کی تمام پارلیمانی جماعتوں نے حمایت کی۔ خیال رہے کہ 15 جون کو سندھ اسمبلی میں بھی حضرت محمد(ص) کے نام کے ساتھ خاتم النبیین لگانے سے متعلق قرارداد منظور کی گئی تھی۔


































