
غزہ : صیہونی فوج کے شجاعیہ پر حملے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد پینتیس ہوگئی ہے۔ جبکہ تازہ حملوں میں مزید سات فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے گذشتہ روز شجاعیہ میں چار سے پانچ رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا تھا۔ تباہ حال عمارتوں سے کئی لاشیں اور زخمی نکال لئے گئے لیکن کئی افراد تاحال ملبے تلے دبے ہیں۔
آج صبح سویرے جنگی طیاروں نے خان یونس میں ایک مکان پر بم گرادیا جس سے دو افراد شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ رفح میں گولہ باری سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا اور پانچ افراد شہید ہوگئے۔ غزہ کی وزارت صحت نے کہاہے کہ اسرائیل کی جانب سے امداد کی ترسیل روکے جانے کی وجہ سے غزہ میں خوراک کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور کم از کم ساٹھ ہزار بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔


































