
صنعا : یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل نے یمنی عوام کے خلاف مظالم پر بین الاقوامی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی زیر قیادت اتحاد کی طرف سے جاری قتل عام کو معاف نہیں کیا جائے گا اور قتل عام کرنیوالے سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ جو لوگ یمنی عوام کے قتل عام پر خاموش ہیں وہ اسوقت اپنی زبان نگل لیں گے جب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اور ان کے اتحادیوں کی چیخیں نکلیں گی۔ ایک بیان کے مطابق ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کو نشانہ بنانے کا مطلب ہے کہ میڈیا کو اپنے جرائم سے دور رکھا جائے۔ کونسل نے سعودی اتحاد کو صیہونیوں اور امریکیوں کے گندے ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے جرائم کے باوجود آپ پہلے کی طرح ناکام ہوں گے۔ یمنی فوج اور اسکے اتحادی جنگجو تمام جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔ ادھر تحریک انصار اللہ نے بھی بمباریوں میں درجنوں شہریوں کی شہادت کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ یمنی قوم ان جارحیتوں کا پوری طاقت سے جواب دے گی۔ جارح طاقتوں کی جانب سے عام شہری تنصیبات پر حملوں کی وجہ سے یمن کے عوام سر تسلیم خم نہیں کریں گے اور نہ ہی ان کے ارادے کمزور ہوں گے۔


































