
بیروت : صیہونیوں کے لئے ڈراؤنا خواب بننے والے حزب اللہ کے شہید سربراہ سید حسن نصراللہ کی تدفین آج لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کی جائے گی۔ سید حسن نصراللہ اور انکے جانشین ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے بیروت کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں ہوگی۔ اسٹیڈیم کو حزب اللہ کے پرچموں اور شہدا کی تصاویر سے سجا دیا گیا۔ شہدا کے تابوتوں کی تصاویر بھی جاری کردی گئی ہیں۔
جنازے میں ایرانی اسپیکر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد، حماس، اسلامی جہاد، انصار اللہ یمن، حشد الشعبی عراق اور کتائب حزب اللہ، پاکستان ، عراق، ترکیہ ، بحرین سمیت دنیا بھر سے وفود شرکت کررہے ہیں۔ شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نائیجیریا کے عظیم شیعہ رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی اور نیلسن مینڈیلا کے پوتے بھی بیروت پہنچ گئے۔
لاکھوں سوگوار جوق درجوق بیروت پہنچ رہے ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک سب سے زیادہ عراق سے ڈیڑھ لاکھ اور ایران سے ایک لاکھ دس ہزار کے قریب عقیدت مند بیروت آچکے ہیں۔ القدس کے فلسطینیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ سے مٹی بھی بھیجی گئی ہے۔ جسے سید حسن نصر اللہ کے پاک جسد کے پاس رکھا جائے گا۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ جنازے کا اجتماع ایک تاریخی دن اور موقع ہوگا۔ لوگوں کی شرکت بڑی تعداد میں ہوگی۔ اسرائیل دیکھے گا کہ ہم خوفزدہ نہیں۔ سید حسن نصراللہ گذشتہ سال ستائیس ستمبر کو بیروت کے علاقے ضاحیہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔


































